کاروار:29؍دسمبر (ایس اؤ نیوز)نئے سال کی آمد پر منائے جانے والے جشن کے موقعوں پر کووڈ-19 کو روکنے کے لئے اترکنڑا ضلع ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں امتناعی احکامات نافذ کرتےہوئے مناسب اقدامات کے لئے محکمہ پولس کو ہدایات جاری کی ہیں۔ نئے سال کے جشن پر 31دسمبر 2020کی سہ پہر 4بجے سے یکم جنوری 2021کی شام 6بجے تک امتناعی احکامات نافذ رہیں گے۔
نئے سال کےجشن کی مناسب سے نافذ کئے گئے امتناعی احکامات کے سلسلے میں کہاگیا ہے کہ اترکنڑا ضلع کی ساحلی پٹی کے کاروار، انکولہ، کمٹہ ، ہوناور اور بھٹکل سے منسلک سمندری ساحلوں ، تاریخی مقامات اور عوامی جگہوں پر امتناعی احکامات نافذ رہیں گے۔ جشن کو لے کر عوامی جگہوں پر پانچ یا پانچ سے زائد بشکل گروہ کے جمع نہیں ہوسکتے۔اسی طرح دیگر جگہوں پر کسی طرح کی گروپ کی شکل میں جمع ہونے اور جشن منانے پر پابندی لگائی گئی ہے۔
نئے سال کا جشن کسی بھی کھلی جگہ ، پارک یا دیگر میدانوں میں انعقاد نہیں کرسکتے۔ عوام سےکہاگیا ہے کہ وہ اپنے خاندان والوں کے ساتھ بھی کوئی خصوصی پروگرام منعقد نہیں کرسکتے، البتہ گھر والے اپنے صحن میں جشن منا سکتے ہیں جس میں کسی باہر والوں کو شریک ہونے کا موقع نہ دیں۔ ہوٹل، بار سمیت دیگر تجارتی مقامات پر حسب معمول بیوپار کرسکتے ہیں ، مگر جشن کو لے کر کوئی خاص پروگرام نہ ہو۔ جشن کے دنوں میں عوامی جگہوں پر غیر ضروری ، بغیر کسی وجہ کے کار، موٹر، سائیکل اور دیگر سواریوں کے ذریعے گھوم پھر نہیں سکتے ، ٹرافک ضوابط کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیاگیا ہے۔ ہر حال میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی طرف سے جاری کووڈ-19کے رہنما خطوط پر عمل آوری ہو۔ اس کی خلاف ورزی کرنے پر ڈزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005کی دفعہ 51سے 60اورایپیڈمک ڈیسیز ایکٹ کی دفعہ 188کے تحت قانونی کارروائی کرنے کی بات کہی گئی ہے۔